منگل، 29 ستمبر، 2015

طہارت کے مسائل

بسم اللہ الرحمن الرحیم
سوال 1: طہارت کے لغوی معنی کیا  ہیں؟
جواب: طہارت کے لغوی معنیٰ نظافت (پاکی و صفائی )اور گندگیوں سے پاک ہونے کے ہیں۔(تہذیب الاسماء واللغات 3/188)
سوال 2: طہارت کے شرعی معنی کیا ہیں؟
جواب: طہارت کے شرعی معنی حدث کو دور کرنا ،نجاست کا ازالہ کرنا ہے یا اس کے معنی میں جو ہو جیسے تیمم، تجدیدِ وضوء، وضو میں دوسری یاتیسری مرتبہ دھونا، اور نجاست کا زائل کرنا، اور مسنون غسل۔۔۔۔(تہذیب الاسماء واللغات3/188)
سوال 3: نجاست کو دور کرنے کے لئے کیا شرط ہے؟
جواب: نجاست کو دور کرنے کے لئے یا حدث سے پاکی حاصل کرنے کے لئے ماء مطلق شرط ہے۔(منھاج الطالبین67)
سوال 4: ماء مطلق کسے کہتے ہیں؟
جواب: ماء مطلق ایسے پانی کو کہتے ہیں جس پر ماء(یعنی پانی) کا اسم بغیر کسی (لازم) قید کے واقع ہو۔ اور متغیر پانی اس سے مستغنی (بے نیاز ) ہے جیسے زعفران کا پانی۔ یہ ایسا تغیر ہے جو مطلق ماء کے اسم کو روکتا ہے۔(منھاج الطالبین67)
سوال 5: کیا ایسے پانی سے وضو کرسکتے ہیں جس میں کنجال یا مٹی وغیرہ ہو؟
جواب: ہاں!  ایسے پانی سے وضو کرسکتے ہیں نیز ایسے پانی سے بھی وضو کرسکتے ہیں جو بہت عرصہ رکھے رہنے کی وجہ سے متغیر ہوگیا ہو،مٹی اور کنجال کی وجہ سے متغیر ہوا ہو اور وہ پانی جو اپنی  جگہ میں ہو اور اسی طرح جو متغیر ہوا ہو لکڑی یا تیل کی وجہ سے۔(منھاج الطالبین67)
سوال 6: کیا سورج کی تپش سے گرم ہونے والے پانی سے طہارت حاصل کی جاسکتی ہے ؟
جواب: سورج کی تپش سے گرم ہونے والے پانی سے طہارت حاصل کرنا مکروہ ہے۔(منھاج الطالبین67)
سوا ل 7: ماء مستعمل کسے کہتے ہیں اور اس کا کیا حکم ہے؟
جواب: حدث کو دور کرنے کے لئے جو پانی استعمال ہوا ہو اس کو ماء مستعمل کہتے ہیں۔
جو پانی فرض طہارت میں استعمال ہوا ہو وہ طہور (یعنی پاک کرنے والا ) نہیں ہے اور جو پانی نفل  طہارت (جیسے تجدیدِ وضوء) میں استعمال ہوا ہو تو  وہ طہور بھی ہے۔ (روضۃ الطالبین وعمدۃ المفتین 7، منھاج الطالبین 67)
سوال 8: کیا نجاست گرنے سے پانی ناپاک ہوجاتا ہے؟
جواب: اگر پانی دو قلہ سے کم ہو تو نجاست گرنے سے وہ ناپاک ہوجاتا ہے۔
سوال 9: دو قلہ کی کتنی مقدار ہوتی ہے؟
جواب: دو قلہ تقریباً ۵۰۰ بغدادی رطل ہیں (یعنی تقریباً ۱۹۳ کلو پانی)۔(منھاج الطالبین 68، تحفۃ الباری فی الفقہ الشافعی 1/66)
سوال ۱۰: اگر دو قلہ پانی ہو اور اس میں نجاست گر جائے اور اس کا اثر نظر آئے تو کیا وہ پانی پاک رہے گا؟
جواب: اگر پانی دو قلہ ہو اور نجاست کے گرنے سے اس میں تغیر آگیا تو وہ نجس ہوجائے گا۔(منھاج الطالبین 68)
سوال ۱۱: کیا جس جانور میں بہنے والا خون نہ ہو اس کے مر جانے سے پانی ناپاک ہوتا ہے؟
جواب: وہ جانور جس میں بہنے والا خون نہ  ہو تو اس سے پانی نجس نہیں ہوگا۔(منھاج الطالبین 68)
سوال 12: پانی  کے متغیر ہونے میں کن چیزوں کا اعتبار کیا جائے گا؟
جواب: پانی کے متغیر ہونے میں  اس کے مزے یا اس کے رنگ یا اس کی بو کا اعتبار کیا جائے گا (یعنی ان میں سے کسی میں تغیر ہوا تو وہ متغیر پانی کے حکم میں ہوگا) (منھاج الطالبین 68)
سوال 13: اگر وضو کرنے والے کو اشتباہ ہوجائے کہ پانی  پاک ہے یا نجس تو وہ کیا کرےگا؟
جواب: اگر وضو کرنے والے کو یہ اشتباہ ہوجائے تو وہ اجتھاد کرے گا اور اس میں سے جس پانی کی پاکی کا غالب گمان ہو جائے اس سے طہارت حاصل کرلے۔(منھاج الطالبین 68)

نوٹ: یہ مختصر مسائل ذکر کئے گئے ہیں اگر آپ کو کسی میں کچھ تفصیلی سوال ہو تو علماء سے رجوع کریں ، نیز یہاں بھی سوال کرسکتے ہیں تاکہ ہم آگے اس سوال کی تحقیق علماء سے کرلیں اور اس کو شامل کرلیں۔ تفصیل کے لئے علماء کرام سے ربط کرلیں۔

1 تبصرہ:

  1. السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
    امید کہ مزاج بخیر ہو
    ایک سوال آپ کی خدمت میں عرض یہ ہیکہ عند الشوافع جھینگے (جو دریا اور سمند میں پایا جاتا ہے )،کا کیا حکم ہے ،جائز یا نا جائز ،برائے مہربانی بادلیل جواب مرحمر فرماکر عند اللہ ماجور ہوں

    جواب دیںحذف کریں