ہفتہ، 4 اپریل، 2020

اللہ کے سوا کسی سے مانگنا جائز نہیں

چنانچہ شیخ الاسلام ابن خزیمہ شافعیؒ نے اس سلسلہ میں کلام کیا ہے۔ آپ نے پہلے دو روایتیں نقل کیں :
          ۱۔نبئ کریم ﷺْ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی کسی منزل پر اترے تو یہ جملے پڑھے: ’’اعوذ بکلمات اللہ التامات من شر ما خلق‘‘ میں اللہ تعالیٰ کے کلماتِ تامہ کی پناہ لیتا ہوں مخلوق کے شر سے ۔
          ۲۔ ایک شخص کو بچھو نے کاٹ لیا تھا تو حضورﷺ نے ارشاد فرمایا: اگر تم نے شام کے وقت یہ کلمات ’’اعوذ بکلمات اللہ التامات من شر ما خلق‘‘ پڑھ لئے ہوتے تو بچھو تمہیں نقصان نہ پہنچاتا۔
          یہ دونوں حدیثیں ذکر کرنے کے بعد امام ابن خزیمہؒ فرماتے ہیں: ائے عقلمندو! کیا یہاں سے یہ بات واضح طور پر معلوم نہیں ہوتی کہ نبئ کریم ﷺ کے فرمان کے بموجب مخلوق کے شر سے بچنے کے لئے  مخلوق کی پناہ لینا جائز نہیں۔
          کیا تم نے کسی عالم کو یہ کہتے سنا ہے کہ میں مخلوق کے شر سے کعبہ کی پناہ لیتا ہوں یا میں صفا و مروہ کی پناہ لیتا ہوں ، یا میں عرفات و منی کی پناہ لیتا ہوں ۔
          جو بھی اللہ کے دین کا علم رکھتا ہو اس کے لئے یہ ممکن ہی نہیں کہ وہ مخلوق کے شر سے بچنے کے لئے مخلوق کی پناہ لے۔
            ابن خزیمہ ؒ کا یہ قول کہ ’’کیا تم نے کسی عالم کو یہ کہتے سنا۔۔۔ ‘‘ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ اہلِ حق کا اجماع ہے کہ اللہ کے سوا کسی سے مانگنا جائز نہیں۔ (تحفۂ توحید : 86-87)

امام شافعیؒ غیراللہ سے مانگنا کفر کا سبب ہے


(۱۸) چنانچہ اس سلسلہ میں ہم سب سے پہلے بانئ مسلک حضرت امام شافعیؒ کا قول نقل کرتے ہیں  کہ ’’غیراللہ‘‘ کو مؤثر سمجھنے اور اس کو کائنات میں متصرف سمجھنے والے کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے۔ چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ امام شافعیؒ نے اس سلسلہ میں ایک قاعدۂ کلیہ بنا دیا ہے۔
          آپ ساحر کے بارے میں کلام کرتے ہوئے فرماتے ہیں :
أنہ إن وصف ما یوجب الکفر ، مثل ما اعتقد أھل بابل من التقرب إلی کواکب السبعۃ ، وأنھا تفعل ما یلتمس منھا فھو کافر

یعنی اگر وہ موجباتِ کفر سے متصف ہو جیسے کہ اہلِ بابل کا عقیدہ تھا   کہ وہ ’’سات ستاروں‘‘ کا قرب چاہتے تھے ، اور یہ سمجھتے تھے کہ ان ستاروں سے جو کچھ مانگا جاتا ہے وہ اس کو پورا کر دیتے ہیں (پس جو بھی یہ عقیدہ رکھے) تو وہ کافر ہے۔               (تفسیر ابن کثیر :۱/۱۴۷)
یہاں حضرت امام شافعیؒ نے قاعدۂ کلیہ کے طور پر یہ صاف بتلا دیا کہ اہلِ بابل ’’غیراللہ‘‘ سے وہ چیزیں مانگتے تھے جو اللہ سے مانگی جاتی ہیں لہٰذا یہ غیراللہ سے مانگنا ان کے کفر کا سبب ہے۔
          (۱۹) تقریباً یہی بات ’’ابن الصباغ شافعیؒ‘‘ نے بھی بیان کی ہے کہ ساحر اگر ان ستاروں کے تقرب کا عقیدہ رکھتا ہو اور یہ عقیدہ رکھتا ہو کہ ان سے جو چیزیں مانگی جاتی ہیں وہ دیدیتے ہیں تو وہ کافر ہے۔ یہ بات امام رافعیؒ نے العزیز:۱۱/ ۵۶ پر ان سے نقل کی ہے ، نیز ابن حجر مکیؒ نے الاعلام بقواطع الاسلام ص ۱۰۰ پر ان سے نقل کی ہے۔
          (۲۰) حضرت امام شافعیؒ کی ایک اور  عبارت ملاحظہ ہو:
آپؒ حضورﷺ کی شان میں ارشاد فرماتے ہیں: ’’قد جعل اللہ بالناس کلھم الحاجۃ الیھم فی دینھم‘‘ یعنی اللہ تعالیٰ نے تمام لوگوں کو دینی معاملات میں حضورﷺ کا محتاج بنایا ہے۔
          یعنی نبی کی اتباع کئے بغیر اور آپ کے طریقہ پر چلے بغیر اللہ کی رضامندی حاصل نہیں ہو سکتی، لہٰذا اللہ کی رضا کے لئے نبی کے طریقہ کی ضرورت ہے۔
          پھر آگے ارشاد فرماتے ہیں: ’’ للہ ولرسولہ المن و الطول علی جمیع الخلق ، وبجمیع الحاجۃ إلی اللہ تعالیٰ‘‘ یعنی اللہ اور اس کے رسول کا پوری مخلوق پہ احسان ہے ، اور مخلوق اپنی تمام حاجتوں کے لئے اللہ کی محتاج ہے۔
          اب دیکھئے ! جب یہ فرمایا کہ مخلوق اللہ تعالیٰ کی محتاج ہے تو یہاں دینی یا دنیوی کی قید نہیں لگائی ، بلکہ عام رکھا ،یعنی اپنے تمام معاملات میں اللہ ہی کی محتاج ہے۔(الام:۶/ ۲۰۲)
          ہم یہاں واضح کرتے چلیں کہ متقدمین (یعنی امام شافعیؒ اور ان کے بعد قریبی لوگوں) کے زمانہ میں انبیاء اور صالحین سےمانگنے کا باطل رواج نہیں تھا ، اور کسی کے ذہن میں اس کا خیال بھی نہیں آتا تھا ، ہاں! البتہ فرقِ باطلہ ’’غیراللہ‘‘ کی پناہ مانگتے تھے ،چونکہ یہ بھی دعا ہی کی ایک قسم ہے ، اس لئے علماء و ائمہ  نے اس پر  رد کیا ہے۔ (تحفۂ توحید : 84-86)

اہلِ قبور کے وسیلہ سے دعا کرنا بھی شرک ہے

بقول علامہ مقریزیؒ اہلِ قبور کے وسیلہ سے دعا کرنا بھی شرک ہے

(۱۷) علامہ مقریزی شافعیؒ فرماتے ہیں: زیارتِ قبور کے سلسلہ میں لوگوں کی تین قسمیں ہیں:
إنھا علی ثلاثۃ اقسام: قوم یزورون الموتیٰ فیدعون لھم ، وھٰذہ الزیارۃ الشرعیۃ ، و قوم یزورنھم ، یدعون بھم ، فھٰؤلاءھم المشرکون فی الألوھیۃ والمحبۃ ، وقوم یزورونھم فیدعونھم أنفسھم ، وھؤلاءھم المشرکون فی الربوبیۃ                                   (تجریدالتوحید المفیدص۴۴)
یعنی زیارتِ قبور کے سلسلہ میں لوگوں کی تین قسمیں ہیں : ایک تو وہ لوگ جو قبروں کی زیارت کرتے ہیں اور اہلِ قبور کے لئے دعا کرتے ہیں ، یہ زیارت کا صحیح اور شرعی طریقہ ہے۔
دوسرے وہ لوگ جو ان کی زیارت کرتے ہیں ، اور ان کے طفیل دعا کرتے ہیں ، یہ وہ لوگ ہیں باری تعالیٰ کی صفتِ الوہیت میں شرک کرتے ہیں۔
تیسرے وہ لوگ جو قبروں کی زیارت کرتے ہیں ، اور خود اہلِ قبور سے ہی مانگتے ہیں ، یہ وہ لوگ ہیں جو صفتِ ربوبیت میں شرک کرتے ہیں۔
جی ہاں  ! علامہ مقریزی بھی شافعی ہی ہیں ، اور توسل کے مسئلہ میں کس قدر محتاط ہیں دیکھئےکہ آپ تو اہلِ قبور کے طفیل مانگنے کو بھی شرک قرار دے رہے ہیں ۔  (تحفۂ توحید : 84)

ولی کو کرامت میں مستقل بالذات سمجھنا کفر ہے


ولی کو کرامت میں مستقل بالذات سمجھنا کفر ہے

(۱۶) اب صاحبِ نہایہ علامہ رملیؒ کی بھی ایک عبارت دیکھ لیجئے! جس میں آپ نے صاف طور پر واضح کردیا کہ کرامت میں ولی مستقل بالذات نہیں ہوتا  ،چنانچہ آپ فتاویٰ رملی جلد نمبر ۴ صفحہ ۳۳۷ پر فرماتے ہیں:
قال الأئمۃ: ماجاز أن یکون  معجزۃ لنبی جاز أن یکون کرامۃً لولی ، لا فارق بینھما إلا التحدی ، فمرجع الکرامۃ إلی قدرۃ اللہ تعالیٰ ، نعم إن أراد استقلال الولی بذلک فھو کفر
یعنی ائمہ کرام فرماتے ہیں: جس چیز کا نبی کے لئے بطورِ معجزہ کے ہونا ممکن ہے اسی چیز کا ولی کے لئے بطور کرامت کے صادر ہونا ممکن ہے ، معجزہ اور کرامت میں تحدّی یعنی چیلنج کے سوا کوئی فرق نہیں ، پس کرامت دراصل اللہ تعالیٰ کی قدرت کی طرف لوٹتی ہے۔ ہاں ! اگر کوئی کرامت میں ولی کو مستقل بالذات سمجھے (یعنی یہ سمجھے کہ ولی اس کو اپنے اختیار اور اپنی قدرت سے کرتا ہے) تو وہ کافر ہے۔

جائز وسیلہ کا استعمال بھی بُری چیز ہے


بقول علامہ کردیؒ جائز وسیلہ کا استعمال بھی بُری چیز ہے

(۱۵) اور پھر صاحبِ بغیہ علامہ کردیؒ کے حوالہ سے مزید نقل کرتے  ہیں:
وإن کان مرادہ التوسل بھم إلی اللہ تعالیٰ فی قضاء مھماتہ مع اعتقادہ أن اللہ ھو النافع الضار المؤثرۃ فی الأمور فالظاھر عدم کفرہ وإن کان فعلہ قبیحًا                                                                                         بغیہ : ۳۶۸ ۔ ۳۶۹
’’ اور اگر اس کی مراد یہ ہو کہ وہ ان واسطوں کا اللہ تعالیٰ سے اپنے معاملات کے لئے دعا کرنے میں محض وسیلہ لیتا ہے ، اور اس کا عقیدہ یہی ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ ہی کو نفع نقصان کا مالک اور کائنات کے امور میں متصرف سمجھتا ہے ، تو ظاہر ہے کہ یہ کفر نہیں ہے۔تاہم اس کا یہ فعل قبیح اور برا ہے۔‘‘ .....
اور مزید یہ بات بھی معلوم ہوئی کہ توسل کی جو صورت جائز ہے بہرحال اس کا استعمال بھی بُرا ہے۔


بالخصوص اس لئے بھی کہ آج کل کے عوام ویسے بھی کمزور اور غلط عقیدوں میں مبتلا ہیں جیسے کہ خود صاحبِ بغیۃ المسترشدین نے وضاحت کی ہے۔ اور اس سلسلہ میں عوام کا عقیدہ اور نظریہ کیا ہوتا ہے ہم  اس سے  بخوبی واقف ہیں۔ (تحفۂ توحید: 82 مع تصرفات قلیلہ)

اللہ کے علاوہ کسی کو متصرف سمجھنا شرک ہے


صاحبِ بغیہ کی پیش کردہ  وہ عبارت دیکھئے جو اس سلسلہ میں قولِ فیصل کی حیثیت رکھتی ہے:
أما الوسائط بین العبد وبین ربہ ! فان کان یدعوھم کما یدعو اللہ تعالیٰ فی الأمور ویعتقد تأثیرھم فی شیئ من دون اللہ فھو کفر
ترجمہ: ’’بہرحال اللہ اور رب کے درمیان واسطے بنانا ، اگر وہ واسطے بنانے والا اپنے معاملات میں ان واسطوں سے دعا مانگتا ہے جیسے کہ اللہ تعالیٰ سے دعا مانگتے ہیں اور اللہ کے علاوہ ان کو معاملات میں مؤثر اور متصرف سمجھتا ہے تو یہ کفر ہے۔‘‘
یہاں صاحبِ بغیہ نے اس شخص کے کفر کا صریح اعلان کر دیا ہے جو اللہ کے علاوہ کسی کو مؤثر اور کائنات میں متصرف سمجھ کر پکارے۔(تحفۂ توحید:  81)

عوام کی زبان سے نکلنے والے جملے بسااوقات توحید میں خلل کا سبب بن جاتے ہیں

عوام کی زبان سے نکلنے والے جملے بسااوقات توحید میں خلل کا سبب بن جاتے ہیں

(۱۳)فرماتے ہیں:
نعم ینبغی تنبیہ العوام علی الفاظٍ تصدر منھم تدل علی القدح فی توحیدھم فیجب ارشادھم وإعلامھم بأن لا نافع ولا ضار الا اللہ تعالیٰ ، لا یملک غیرہ لنفسہ ضرا ولا نفعا إلا بإرادۃ اللہ تعالیٰ ، قال تعالیٰ لنبیہ علیہ الصلاۃ والسلام: قل إنی لا أملک لکم ضرا ولا رشداً(الجن:۲۱)
ترجمہ: ’’تاہم عوام کو متنبہ کرنا ضروری ہے کہ ان کی زبان سے ایسے الفاظ نکل جاتے ہیں جو ان کی توحید (اور عقیدہ) میں خلل اور خرابی کا سبب بن جاتے ہیں ،لہٰذا ان کی رہبری کرنا اور ان کو یہ سمجھانا ضروری ہے کہ نفع نقصان کا مالک محض اللہ تعالیٰ ہے ، کوئی شخص اللہ تعالیٰ کی مرضی اور ارادہ کے بغیر اپنی ذات کے بھی نفع و نقصان کا  مالک نہیں ہے۔اللہ تعالیٰ نے اپنے نبیﷺ کو حکم دیا کہ وہ یوں کہہ دیں کہ : ائے لوگو ! میں تمہارے نہ نقصان کا مالک ہوں نہ ہدایت کا۔‘‘                (بغیۃ المسترشدین)
 صاحبِ بغیہ کے الفاظ سے پتہ چلتا ہے کہ عوام کس طرح گمراہی میں مبتلا ہوتی ہے ۔ (تحفۂ توحید :80)